نئی دہلی،29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)الیکشن کمیشن نے 15ویں نائب صدر کے الیکشن کے لیے آج انتخابی پروگرام کا اعلان کر دیا۔چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے الیکشن کمشنر اے کے جوتی اور اوپی راوت کے ساتھ الیکشن پروگرام کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ نائب صدر انتخابی نوٹیفکیشن چار جولائی کو جاری کر دیا جائے گا۔زیدی نے بتایا کہ کمیشن کی طرف سے چار جولائی کو انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی خواہش مند امیدوار نائب صدر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کر سکیں گے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 18جولائی ہوگی،جبکہ امیدواروں کی طرف سے بھرے گئے نامزدگی کاغذات کی جانچ کا کام 19جولائی کو کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اگر ضرورت ہو تو نائب صدر کے عہدے کے لیے پانچ اگست کو الیکشن ہوگا۔صدر اور نائب صدر الیکشن ایکٹ 1952اور اس کیلئے بنائے گئے دستور العمل 1974کے تحت نائب صدر کے عہدے کے انتخابات کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے منتخب اور نامزد نمائندگان کی طرف سے قائم نرواچک منڈل کے رکن ووٹ دے سکتے ہیں۔اس کے لیے الیکٹور منڈل کے تمام اراکین کی پانچ اگست کو صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک ہونے والی ووٹنگ میں ووٹ ڈال سکیں گے۔الیکٹور منڈل میں لوک سبھا کے 543سے منتخب اور 2نامزد ایم پی جبکہ راجیہ سبھا کے 233ممبران اور 12نامزد ممبران پارلیمنٹ کو ملا کر کل 790ارکان شامل ہیں۔زیدی نے بتایا کہ نائب صدر انتخابات کی ووٹوں کی گنتی پولنگ کے دن، پانچ اگست کو ہی ہو گی۔موجودہ نائب صدر حامد انصاری کی مدت 10اگست 2017کو ختم ہو رہی ہے۔اس سے پہلے 15ویں نائب صدر کے انتخابی عمل کو پورا کرنا ضروری ہے۔